تہران،6اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایرانی صدر حسن روحانی نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ٹرمپ کا ساتھ نہ دے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو توڑنے کی کوشش میں ہے اور یورپ کو اس معاملے میں اس کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ روحانی نے یہ بات دوسری مدت صدارت کا حلف اٹھانے کے موقع پر ہفتے کے روز کہی۔ روحانی رواں برس مئی میں دوسری مدت کے لیے صدر منتخب ہوئے ہیں، تاہم داخلی سطح پر ان پر جوہری معاہدے اور تازہ امریکی پابندیوں کے حوالے سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ روحانی نے کہا کہ تازہ امریکی پابندیاں جوہری معاہدے کی خلاف ورزی ہیں اور اس سے ایرانی عوام میں جوہری معاہدے کی پاس داری کی مخالفت کی جا رہی ہے۔